"ہم پاکستان کو مشکل حالات میں کبھی نہیں چھوڑیں گے" سعودی عرب نے دوٹوک اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کےسفیر نواف بن سعید المالکی نےکہاہےکہ مملکت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اسے ضرورت کے وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی، ہم نے نہ تو پہلے پاکستان کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ ہی مستقبل میں پاکستان کو تنہا چھوڑیں گے۔
سعودی عرب کے سفیر نے یوم آزادی کی مناسبت سے لاہور کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائیوں کی طرح ہیں، ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات 22 کروڑ پاکستانیوں کیلئے فخر کا باعث ہیں، اسلام آباد ریاض کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی ترقی میں سعودی حکومت کا کردار ناقابل فراموش ہے۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار سےملاقات کے دوران سعودی سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔