فری لانسرز کیلئے خوشخبری،پاکستان میں ’فائیور‘ سے متعلق وائرل خبروں کی حقیقت سامنے آگئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک افواہ گردش میں ہے، جس میں بتایا جا رہا ہے کہ معروف فری لانس سروسز مارکیٹ پلیس’فائیور‘ نے پاکستانی فری لانسرز کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔ تاہم پاکستان ٹوڈے کے مطابق یہ افواہ محض افواہ ہی ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں ہے اور اس کا مقصد پاکستان کی فری لانس کمیونٹی میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔
اس حوالے سے تحقیق کے دوران معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ خبر کا تعلق 11مئی 2023ء کے ایک واقعے سے ہے۔ اس خبر کا حال سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اب فائیور کی طرف سے پاکستانی فری لانسرز کی پروفائلز بند کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فری لانسرز کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان کا تعلق فائیور یا کسی اور پلیٹ فارم سے نہیں بلکہ پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی بندش یا سست رفتار سے ہے۔ کئی فری لانسرز کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی یا کم رفتار کی وجہ سے وہ اپنے کلائنٹس سے لیے گئے پراجیکٹس مقررہ وقت میں پورے نہیں کر پا رہے، جس کی وجہ سے کلائنٹس ان سے ناراض ہو رہے ہیں اور ان کی پروفائلز پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔