قتل ہونے والی رکن سندھ اسمبلی کا بچہ اغوا ہونے کا بھی انکشاف

نوشہرو فیروز (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو زمین کے تنازعے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے، ان کے قتل کے بعد یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے ان کے بچے کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہناز انصاری کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی، پتا نہیں انہیں کس نے اور کیوں قتل کیا ہے۔ شہلا رضا نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ پہلے شہناز انصاری کے بچے کو اغوا کیا گیا تھا، ’ جب ان کا بچہ اغوا ہوا تو شہناز نے سب سے پہلی کال مجھے ہی کی تھی، میں نے اس معاملے میں ان کی بہت مدد کی تھی۔‘
شہلا رضا کے مطابق شہناز انصاری نہ صرف پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی تھیں بلکہ انتہائی متحرک سوشل ورکر بھی تھیں، انہوں نے اپنے ضلع کے لوگوں کی بہتری کیلئے بہت سے کام کیے ۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق کچھ عرصہ پہلے شہناز انصاری کے بچوں کی مقامی لوگوں سے لڑائی ہوئی تھی لیکن وہ معاملہ اسی وقت ختم ہوگیا تھا، قتل کی وجہ یہ واقعہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو اس وقت زمین کے تنازعے پر قتل کردیا گیا جب وہ اپنے بہنوئی کی رسم چہلم میں شریک تھیں۔ شہناز انصاری کو ان کے بہنوئی کے بھتیجوں نے ہی فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔