دی اکانومسٹ کی رپورٹ اور محمد شہبازشریف
پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں حکومت نے انقلابی اقدامات اُٹھائے تھے، جن کے نتیجے میں پنجاب میں شرح خواندگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب اس کا اعتراف برطانیہ کے معروف جریدے دی اکانوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بھی کیاہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ دو برسوں کے دوران چار ہزار تین سوسکولوں کو بہتر بنایا گیا ہے، رواں برس کے اختتام تک ان سکولوں کی تعداد 10ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پنجاب میں جس طرح تیز رفتاری کے ساتھ تعلیمی شعبے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اسے دنیا کے لئے مثالی قرار دیا گیا اور اسکا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو دیا گیا ہے اس سے قبل امریکی ادارے گلوبل اسٹریٹیجک پارٹنرنے لیڈرشپ کے حوالے سے محمد شہباز شریف کو بہترین قرار دیا تھااور ممکنہ نئے وزیر اعظم کے طورپر بھی شہباز شریف کے حق میں عوام کی اکثریت نے رائے دی تھی۔
پنجاب حکومت نے ناخواندگی کے خاتمے کے لئے صوبہ پنجاب کے پسماندہ سولہ اضلاع میں ’’خادم پنجاب زیور تعلیم‘‘ منصوبہ شروع کیا، جس کے تحت ہر سال چھ ارب روپے کے وظائف طلباء میں تقسیم کرنے کا آغاز کر دیاگیا ہے، اس پروگرام کے تحت چھٹی سے دسویں جماعت تک چار لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد طالبات مستفید ہوں گی اس پروگرام کی سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کے لئے وظائف کی ادائیگی خدمت کارڈ کے ذریعے کی جا رہی ہے اور وظائف طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے 80فیصدسکول حاضری سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
خدمت کارڈ کے ذریعے طالبات کو ماہانہ 1000روپے فی کس کے حساب سے وظائف دیئے جا رہے ہیں پنجاب حکومت نے تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ جانے والے اضلاع میں بچوں کے لئے وظائف کی فراہمی کا ایک انقلابی پروگرام شروع کیاہے۔ اس پروگرام کے تحت جہاں غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی وہاں زیادہ سے زیادہ بچیاں تعلیم سے آراستہ ہو سکیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ناخواندگی کے خاتمے اور غریب شہریوں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو نے سے بچانے پڑھائی کو جاری رکھنے کے لئے ’’اُجالا پروگرام‘‘ شروع کیا ہے، جس کے تحت دو لاکھ دس ہزار سولر لیمپس ہونہار طلباء میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے گئے ان سولر لیمپس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ 18گھنٹے بلا تعطل روشنی ممکن بنا سکتے ہیں۔
محمد شہباز شریف کی شروع کردہ اصلاحات کے نتیجے میں ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے پوزیشن ہولڈر طلباء اور ان کے اساتذہ میں ہر سال کروڑوں روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے جاتے ہیں پاکستان بھر میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو لاہور بلا کر گارڈ آف آنر پیش کیا جاتا ہے۔
طلباء اور اساتذہ میں نقد کروڑوں روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے ہیں پوزیشن ہولڈر طلباء کو امریکہ، برطانیہ اور یورپ کی مشہور یونیورسٹیوں کے تعلیمی دورے کرائے جاتے ہیں۔
2008ء میں ایک ارب روپے کاپنجاب انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیاہے ۔9سال بعد اس کا حجم 20ارب سے تجاوز کر چکا ہے پنجاب انڈوومنٹ فنڈ میں پورے ملک کے طلباء کو شامل کیا گیا اور انہیں وظائف ملتے ہیں۔
صوبے کے پسماندہ اضلاع میں غریب اور ہونہار بچوں کے لئے دانش ماڈل سکول قائم کئے گئے ہیں، جن کا معیار کیڈٹ کالجز سے بہتر ہے اور پورے ملک میں طلباء کو دانش ماڈل سکولز میں تعلیم دی جاتی ہے۔
غریب اور ذہین طالب علموں کے لئے کمپیوٹر ٹیکنالوجی تک رسائی کے لئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کی اور میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاچکے ہیں اور شفافیت کا یہ معیار رکھا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سمیت ، وزراء ایم این اے ، ایم پی اے کے لئے کوئی کوٹہ مختص نہیں ہے۔
دس ہزار سکولوں میں آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی جاچکی ہیں۔دنیا بھر کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حصول کے لئے ’’شہباز شریف میرٹ سکالرشپ‘‘ سکیم کا آغاز کیا وہ ذہین طلباء جو غربت کی وجہ سے امریکہ اور یورپ کی یونیورسٹیوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل نہیں کر سکتے تھے، اب خادم پنجاب سکالرشپ کے تحت اعلیٰ یونیورسٹیوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، میرٹ سکالرشپ سکیم میں پورے ملک کے طلباء کو شامل کیا گیاہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ناخواندگی کے خاتمے اور علم کی روشنی پھیلانے والے انقلابی اقدامات شروع کئے ہیں، ان کی علم دوستی کی وجہ سے غریبوں کے ہونہار اور ذہین بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور محمد شہباز شریف کی تعلیمی اصلاحات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔