ضمنی انتخابات :تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میں اضافہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ضمنی انتخابات کے بعد قومی ، پنجاب اور کے پی اسمبلیوں میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی نشستوں میں اضافہ ہوگیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018میں قومی اسمبلی میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 155جبکہ اپوزیشن پارٹی مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 85تھی جواب ضمنی الیکشن کے انعقاد کے بعد قومی اسمبلی کی چار چار نشستیں جیتنے کے بعد تحریک انصاف کے ارکان کی قومی اسمبلی میں تعداد 159جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 89ہوگئی ہے ۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 181جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 168تھی، ضمنی الیکشن کے بعد تحریک انصاف نے پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستیں حاصل کیں جس سے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 186ہوگئی جبکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی چھ نشستوں سے کامیابی حاصل کی جس سے مسلم لیگ ن کے ارکان کی پنجاب اسمبلی میں تعداد 174ہوگئی ہے ۔
کے پی میں تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کی 6نشستیں حاصل کیں جس سے کے پی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 79سے بڑھ کر 85ہوگئی جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان صوبائی اسمبلی کی تعداد ایک نشست کے اضافے سے سات سے بڑھ کر 8ہوگئی ہے ۔
سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کوئی نشست حاصل نہیں کرسکیں جس سے تحریک انصاف بدستور اپنی سابق پوزیشن 29ارکان اور ن لیگ صفر پربرقرار ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں بھی دونوں سیاسی جماعتوں کو کسی نشست پر کامیابی نہیں مل سکی اور تحریک انصاف اپنی سابق پو زیشن 7ارکان صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ ن ایک نشست برقرار رکھے ہوئے ہیں۔