ڈرامہ سیریل”جی ٹی روڈ“کل سے نجی ٹی وی پر آن ائیر ہوگی

لاہور(فلم رپورٹر)ہدایتکار دلاور ملک اور پروڈیوسر خرم ریاض کی ڈرامہ سیریل”جی ٹی روڈ“کل سے نجی ٹی وی پر آن ائیر ہوگی۔جس کی کاسٹ میں سینئر اداکارہ اسماء عباس، شائستہ جبیں،خالد بٹ، کاشف محمود،میمونہ قدوس،سنبل شاہد،ثمینہ بٹ،عثمان راج، اجمل دیوان،فریحہ وسیم، سعد وقاص،فائزہ مصطفیٰ، افراء خان،عنایت خان اور اعجاز اسلم سمیت دیگر شامل ہیں۔اداکارہ اسماء عباس نے بتایا کہ ”جی ٹی روڈ“معاشرتی رویوں اور رشتوں کی عکاسی کرتی ہوئی ڈرامہ سیریل ہے جس کے ہرکردار کی اپنی ایک انفرادیت اور کہانی ہے۔
موجودہ دور میں جہاں رشتوں کی اہمیت کو نظر انداز کرتے ہوئے ہر کوئی اپنی ذات کو ہی فوکس کئے ہوئے ہے۔اس سیریل میں انہی رشتوں اور احساسات کے بارے میں بتانے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا کردار ایسی بیوی اور ماں کا ہے جس کا سب کچھ اس کا شوہر اور بچے ہیں۔ایک عرصے بعد ایسا کردار کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ اسماء عباس نے کہا کہ اورینٹل فلمز کے بینر تلے اندرون شہر پر بنائی جانے والی یہ ڈرامہ سیریل ناظرین کو پسند آئے گی۔ اس ڈرامہ کی رائٹر سارہ قیوم اور کیمرہ مین شیری رانا ہیں۔