لاہور یوتھ فیسٹیول ایک بہترین ٹیلنٹ فیسٹ ثابت ہوگا، وزیر تعلیم پنجاب 

لاہور یوتھ فیسٹیول ایک بہترین ٹیلنٹ فیسٹ ثابت ہوگا، وزیر تعلیم پنجاب 
لاہور یوتھ فیسٹیول ایک بہترین ٹیلنٹ فیسٹ ثابت ہوگا، وزیر تعلیم پنجاب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لاہور یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس  ہوا۔ وزیر تعلیم کو یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یوتھ فیسٹیول میں اب تک 1128 طلباء مختلف مقابلوں میں رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ سپورٹس مقابلوں کیلئے 487، آرٹ مقابلوں میں 319، ٹیلنٹ فیسٹ میں 303 طلباء رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یوتھ فیسٹیول میں 14 سے 18 سال تک کی عمر کے 353 طلباء نے اپنی رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ 19 سے 25 سال تک کے 775 نوجوان مختلف مقابلوں کیلئے رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

 رانا سکندر حیات کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ نجی سیکٹر سے لمز، کامسیٹس، ڈی پی ایس، کریسنٹ، سٹی سکول، کوئین میری، سی ایم ایچ اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ پبلک سیکٹر سے سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہور کالج فار وویمن، ایجوکیشن یونیورسٹی، جی سی کے طلباء کی جانب سے کروائی گئی ہے۔ دوسری طرف مقابلوں کیلئے 6 ججز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

اس موقع پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول میں طلباء کی رجسٹریشن کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ وزیر تعلیم نے اس امر کو بھی سراہا کہ لاہور یوتھ فیسٹیول کیلئے رجسٹریشن کروانے والے نوجوانوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں آگاہی کیلئے یوتھ فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 20 سے 26 اکتوبر تک ٹیلنٹ فیسٹ میں مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ مقابلوں میں شارٹ لسٹ ہونے والے طلباء کے مابین فائنل 7 سے 9 نومبر کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ لاہور یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کیلئے ایک بہترین ٹیلنٹ فیسٹ ثابت ہوگا۔  لاہور یوتھ فیسٹیول ایک ٹیلنٹ ہنٹ ہے جس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔