پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے، شہباز شریف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایس سی او اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس جولائی میں دوشنبہ کے اپنے نتیجہ خیز دورے کا بھی ذکر کیا، اور دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا دونوں ممالک کو مشترکا مفاد کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر تاجک وزیراعظم نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔
انکا کہنا تھا کہ تاجکستان، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
تاجک وزیراعظم نے حکومت پاکستان کا تاجکستان کو پاکستان سے چینی برآمد کرنے کی اجازت پر شکریہ ادا کیا۔