علی سسٹرز کی ہنگری جونیئر اوپن 2024 میں ایک کےبعد ایک کامیابی

علی سسٹرز کی ہنگری جونیئر اوپن 2024 میں ایک کےبعد ایک کامیابی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی ابھرتی ہوئی سکواش سٹار مہوش علی نے ہنگری جونیئر اوپن 2024 میں اپنا 25 واں گولڈ میڈل جیت کر اپنی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی ساکھ میں ایک اور باوقار فتح کا اضافہ کیا۔

انڈر 17 کیٹگری میں مقابلہ کرتے ہوئے مہوش نے اپنے گروپ پر غلبہ حاصل کیا اور بوڈاپیسٹ میں منعقدہ ٹورنامنٹ کی غیر متنازعہ چیمپئن بن کر ابھری۔مہوش کی شاندار کارکردگی فائنل میچ میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی تمارا پیسکریسکو کو 11-5، 11-2، 11-2 کے کمانڈنگ سکور کے ساتھ شکست دی۔ اس سے پہلے ٹورنامنٹ میں مہوش نے ہنگری کی بریگیٹا کوواکس کو بھی مات دی۔
علی سسٹرزنے ہنگری جونیئر اوپن میں زبردست اثر ڈالا مہوش کی دونوں بہنوں نے بھی قابل ذکر کامیابی حاصل کی۔


انڈر 13 کیٹیگری میں ماہ نور علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 واں گولڈ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس نے ہنگری کی ٹاپ سیڈڈ کرسٹینا کون کو زیر کر لیا، اپنے طاقتور شاٹس اور انتھک دباؤ کے ساتھ سٹریٹ سیٹس میں 11-1، 11-1، 11-0 سے جیت کر اپنے حریف کو بہت کم موقع چھوڑ کر ایک تیز اور فیصلہ کن فتح حاصل کی۔


سحرش علی انڈر 15کیٹیگری میں اپنا ڈیبیو کر رہی ہیں، انہو ں نے ناقابل یقین ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کی کاسی لنکو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

BARD فاؤنڈیشن کے بانی عبدالرزاق داؤد نے علی بہنوں کے کارناموں پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم مہوش، ماہنور اور سحرش کو بین الاقوامی سطح پر ایسی ناقابل یقین کامیابی حاصل کرتے ہوئے دیکھ کر خوش ہیں۔ کھیل کے لیے ان کی لگن اور جذبہ واقعی متاثر کن ہے، اور یہ فتوحات ان کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ BARD فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے پر فخر ہے۔ ان کا سفر فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جاری ہے۔

مہرین داؤد نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو بڑھتے ہوئے اور اس طرح کے ناقابل یقین سنگ میل کو حاصل کرتے دیکھنا واقعی متاثر کن ہے۔ مہوش کا 25 واں گولڈ ایک قابل ذکر کارنامہ ہے، ماہ نور اور سحرش نے اپنی کارکردگی سے ہمیں یکساں طور پر متاثرکیا ہے۔ ان کا سفر ابھی شروع ہوا ہے، اور ہمیں اس کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ 

خیال رہے کہ BARD فاؤنڈیشن، جسے بلقیس اور عبدالرزاق داؤد نے قائم کیا تھا، کھیلوں، تعلیم اور سماجی بہبود میں پاکستان کی نوجوان صلاحیتوں کی مدد کے لیے وقف ہے۔ انفرادی ترقی اور عمدگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، فاؤنڈیشن کا مقصد ایسے چیمپئنز کی پرورش کرنا ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کریں۔

مزید :

قومی -