روس نے معروف پٹرولیم کمپنی ’’شیل‘‘ کے خلاف ایک ارب یورو ہرجانے کا دعویٰ کردیا
ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) روسی حکام نے بین الاقوامی برطانوی کمپنی ’شیل‘ کے خلاف ایک ارب یورو کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
روس کے سرکاری میڈیا نے منگل کو ماسکو کی ثالثی عدالت کی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل نے فروری 2022 میں یوکرین کے ساتھ تنازع کے آغاز کے بعد روس چھوڑ کر جانے پر شیل کے 9 یونٹس کیخلاف رواں ماہ ایک قانونی دعویٰ دائر کیا ہے، بحرالکاہل کے جزیرہ سخالن میں روس کی زیرانتظام کمپنی گیز پروم کے مائع قدرتی گیس کے پیداواری پلانٹ میں شیل بھی شراکت دار تھی, مغربی طاقتوں کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث شیل کے انخلا کے بعد ماسکو نے پلانٹ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت کیلئے 11 دسمبر کی تاریخ مقرر کی جاچکی ہے، شیل نے اس حوالے سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔