آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کےایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کے بعد دیگر مالیاتی اداروں سے فنڈز ملنے میں اضافہ ہوگا،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے طریقہ کار کے مطابق معاہدے کی منظوری دینا ہوتی ہے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر ادھار تیل کی سہولت جلد فائنل ہو جائے گی، 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کیلئے کمرشل بینک سمیت ذرائع سے مدد لی گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قرض پروگرام کی توثیق کے لئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی بورڈ میٹنگ 25 ستمبر کو ہوگی جس کی تصدیق ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزیک کی جانب سے کی گئی تھی۔