راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں شرمناک کاروبار کرنے والا غیر ملکیوں پر مشتمل گینگ پکڑا گیا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں و ہاسٹلز میں منشیات سپلائی میں ملوث 6غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز" کے مطابق خفیہ اطلاع پر اسلام آباد میں چھاپہ مارکر نائجیرین باشندہ گرفتار کیا گیا جس نے تفتیش کے دوران اپنے دیگر غیر ملکی ساتھیوں کے ملوث ہونے کے بھی انکشافات کیے۔
اے این ایف ٹیم نے معلومات حاصل ہونے پر اسلام آباد کے ہی سیکٹر جی 13 میں واقع ہوٹل کے قریب اور فلیٹ پر گرینڈ آپریشن کرکے 5 مزید غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 135 گرام کوکین اور 3.2 کلو گرام آئس برآمد کرلی۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان ہاسٹل اور تعلیمی اداروں میں طلباء کو منشیات سپلائی کرتے تھے، رواں سال پاکستان میں منشیات سمگلنگ میں گرفتار غیر ملکی شہریوں کی بڑی تعداد افریقی ممالک سے ہے۔ سمگلر غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ کے لیے نت نئے اور خطرناک طریقے اپناتے رہتے ہیں جس سے معاشرے کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
اے این ایف حکام کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف محکمے کی کارروائیاں جاری رہیں گی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات آغاز کر دیا گیا ہے۔