حیدرآباد، معروف سندھی شاعر آکاش انصاری کا قتل، ڈرائیور عاشق سیال کے اہم انکشافات

حیدر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قاسم آباد کے علاقے سیٹیزن کالونی میں سندھی زبان کے معروف شاعر آکاش انصاری کی سوختہ لاش گزشتہ روز ان کے گھر سے برآمد ہوئی تھی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق قتل کے معاملے کی تحقیقات کے دوران گرفتار ڈرائیور عاشق سیال نے اہم انکشافات کیے ہیں، جس میں اس نے بتایا کہ آکاش انصاری کو ان کے لے پالک بیٹے لطیف انصاری نے کسی نامعلوم شخص کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا۔
ڈرائیور عاشق سیال کو شام کے وقت حراست میں لیا گیا تھا اور اس نے قتل کی تمام تفصیلات پولیس کے سامنے بیان کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ڈرائیور کے بیان کی روشنی میں لطیف انصاری کو گرفتار کیا گیا اور اسے بدین سے حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔