چچا چچی کی نازیبا تصاویر سے بلیک میلنگ، تنگ آکر بھتیجی نے خود کشی کرلی، انتہائی افسوسناک تفصیلات سامنے آگئیں
بنگلورو (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک 24 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے چچا اور چچی کی جانب سے نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیے جانے کے بعد بنگلورو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو اس کے چچا نے ہوٹل کے کمرے میں ملنے پر مجبور کیا اور دھمکی دی کہ اگر وہ نہ آئی تو وہ اس کی نجی تصاویر اور ویڈیوز اس کے والدین کے ساتھ شیئر کر دے گا۔
وائٹ فیلڈ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس شیواکمار گنار کے مطابق خاتون پہلے تو ہوٹل جانے سے ہچکچا رہی تھی لیکن چچا کی دھمکی کے باعث مجبور ہو گئی۔ خاتون اپنے ساتھ پیٹرول لے کر آئی تھی جسے اس نے کمرے میں اپنے اوپر ڈال کر خود کو آگ لگا لی۔ خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
متاثرہ کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی گزشتہ چھ سال سے اپنے چچا اور چچی کے ساتھ رہ رہی تھی اور اکثر ان کے ساتھ سفر پر بھی جایا کرتی تھی۔پولیس نے چچا کے قبضے سے ایک پین ڈرائیو برآمد کی ہے جس میں ممکنہ طور پر نجی مواد موجود ہے۔ متاثرہ کے چچا اور چچی کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کے مختلف سیکشنز کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔