ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے فنڈز میٹرو بس منصوبے کو منتقل کرنے کا فیصلہ
لاہور(محمد نواز سنگرا)پنجاب حکومت کا ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام فنڈز میٹرو بس منصوبے کو منتقل کرنے کا فیصلہ۔ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جاری درجنوں منصوبے التواء کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔ملتان کے عوام کو جاری شدہ منصوبوں ،سڑک اور پلوں کی تعمیر میں تاخیر سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تو دوسری طرف کا م میں تاخیر کی وجہ سے پرائس ویری فیکشن کی وجہ سے قومی خزانے پر بھی بوجھ پڑے گا۔’’روز نامہ پاکستان ‘‘کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے اعلیٰ سطح پر فیصلہ کیا ہے کہ ضلع ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے 80سے90کروڑ روپے کے فنڈز ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے لیے جائیں گے اور ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام فنڈز میٹر بس منصوبے میں منتقل کرنے کی وجہ سے ایم ڈی اے کے درجنوں جاری منصوبے ٹھپ ہو جائیں گے کیونکہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹھیکیدار جاری منصوبو ں پر کام بند کر دیں گے جس سے ایک طرف تو عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس سے جاری منصوبوں پر کام بند ہو جائے گا اور پل ،سڑکیں اور دیگر زیر تعمیر کام رک جانے کی وجہ سے عوام کا مزید ایک یا دو سال تک ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفر کرنا پڑے گا تو دوسری طرف قومی خزانے کو بھی نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ پرائس ویری فیکیشن کی وجہ سے جہاں ریت ،بجر ی اور سریے کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا تو ٹھیکیدار بھی اضافی رقم کا مطالبہ کرے گا جو ایم ڈی اے یا حکومت کو ادا کرنا پڑے گا۔اس سے قبل یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ حکومت پنجاب نے متعدد اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کو کٹ لگا کر میٹر وبس اور اورنج لائن میٹر وٹرین پر خرچ کر دیا ہے جس سے دیگر اضلاع کو ترقیاتی کاموں سے محروم کر دیا ہے۔اسی طرح پنجاب حکومت نے ملتان میں بھی میٹروبس چلانے کیلئے ایم ڈی اے کا بجٹ ہڑپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ایم ڈی اے کے تمام منصوبے لٹک جائیں گے جو عوام اور حکومتی خزانے پر بوجھ میں اضافے کا باعث بنے گا۔