رشتے سے انکار پر شادی شدہ خاتون نے نوجوان پر تیزاب پھینک دیا
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) شادی سے انکار پر خاتون نے نوجوان پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ بری طرح جھلس کر ہسپتال پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نواحی علاقے مخدوم رشید کے علاقے میں چار بچوں کی ماں 30 سالہ مومل کے 25 سالہ لڑکے صداقت سے تعلقات تھے۔ بدھ کو خاتون نے شادی سے انکار کرنے پر نوجوان کو اپنے گھر بلا کر اس پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ بری طرح جھلس گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ نوجوان کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مضروب صداقت کے والد کا کہنا ہے کہ مومل چار بچوں کی ماں ہے اور میرے بیٹے سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن انکار پر اس نے طیش میں آکر صداقت پر تیزاب پھینک دیا ۔ دوسری طرف ملزمہ نے پولیس کو متضاد بیانات دیے ہیں۔ ملزمہ کا کہنا ہے کہ صداقت میرے گھر میں آیا اور تشدد کیا جس کی وجہ سے اس پر تیزاب پھینکا۔ تھوڑی ہی دیر بعد ملزمہ نے یو ٹرن لے کر پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ میرے پہلے شوہر سے 4 بچے ہیں لیکن اب میرے کافی عرصے سے صداقت سے تعلقات ہیں اور اسی کی وجہ سے میرا ایک بچہ بھی مارا گیا ہے جس کے سبب میں نے اس پر تیزاب پھینکا ہے۔پولیس نے ملزمہ کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا ہے جہاں ملزمہ کا بیان ریکارڈ کیا جائے گااور ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے۔