کے ایس ای 100 انڈیکس میں 191 پوائنٹس کی تیزی ، دسمبر تک مارکیٹ 40 ہزار کراس کر جائے گی : سٹاک بروکرز
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایمرجنگ مارکیٹ کا درجہ ملنے کے بعد سرمایہ کاروں کا جوش و خروش تاحال عروج پر ہے ۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی وجہ سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی اضافہ ہوا ہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 191 پوائنٹس کی تیزی سے 38 ہزار 751 پوائنٹس پر بند ہوا ہے اور انڈیکس کی یہ تاریخ سازاور سب سے بلند ترین سطح ہے ۔ آج کے ایس ای 100 انڈیکس میں 19 کروڑ 14 لاکھ 82 ہزار 860 حصص کا لین دین ہوا ہے جن کی مارکیٹنگ ویلیو 16 ارب 15 کروڑ 29 لاکھ 7 ہزار 391 روپے بنتی ہے جبکہ کے ایس ای 100 ، کے ایس ای 30 ، کے ایم آئی 30 اور آل شیئر انڈیکس میں مجموعی طور پر 30 کروڑ 46 ہزار 828 شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 22 ارب روپے کے قریب بنتی ہے ۔پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے کاروبار میں 137 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 169 کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں کمی ہوئی ہے۔ دوسری طرف سٹاک بروکرز کا کہنا رواں سال کے اختتام دسمبر تک کے ایس ای 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرجائے گا جو پاکستان کی معیشت میں ایک اہم سنگ میل ہوگا۔