پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں 133ویں سنڈیکیٹ میٹنگ کا پشاور میں انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں گومل یونیورسٹی کی 133ویں سنڈیکیٹ میٹنگ کا انعقاد پشاور یونیورسٹی کے کانفرنس کمیٹی روم میں کیا گیا۔ اس موقع پرہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اسلام آباد کے نمائندہ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی)پشاور، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارنمنٹ پشاور‘ڈپٹی سیکرٹری اسٹبلشمنٹ پشاور‘سمیت دیگر یونیورسٹی سنڈیکیٹ ممبران شریک تھے جبکہ پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج نمبر3آن لائن میٹنگ میں شریک تھیں۔میٹنگ میں گومل یونیورسٹی کی ایف اینڈ پی کی بجٹ کی سفارشات پر تفصیلی بحث کے بعد سفارشات کو منظوری کیلئے سینٹ کو بھیج دیا گیا۔ میٹنگ میں گومل یونیورسٹی کے ایفی لیشن کے حوالے سے مختلف امور کی سفارشات کو بھی منظوری کیلئے سینٹ کو بھیج دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ ملک کی نوجوان نسل کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب دے کر ان میں برداشت اور محنت کی لگن کو اجاگر کرنا میں سب سے اہم کردار اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا ہے اوریہی میری اول ترجیح ہے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی کے مالی مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطوں میں ہیں اور انشاء اللہ مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ جلد ہی ہم ملکر اس سے نکل جائیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت تمام انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اس میٹنگ کے انعقاد کیلئے ان سب کا تعاون قابل ستائش اور قابل تحسین ہے جس پر میں اپنی طرف سے اور تمام گومل یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔