اونٹ کے بعد گدھے کی ٹانگ بھی کاٹ دی گئی، ملزم گرفتار
حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) گدھے کی گدھے سے لڑائی کے بعد مالک نے غصے میں دوسرے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے علاقے ضلع سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے بعد ایک اور جانور پر ظلم ڈھا دیا گیا، یہ واقعہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں پیش آیا، جہاں گدھوں کی لڑائی میں مالک نے دوسرے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعہ سیری کے علاقے میں گزشتہ روزپیش آیا، ملزم گدھا گاڑی چلاتا ہے، راستے میں لڑائی پر گدھے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ملزم میر رند کو گرفتار کر کے عدالتی حکم پر جیل بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے علاقے سانگھڑ میں بااثر افراد نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی لیکن پولیس نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی بااثر وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔بعد ازاں وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لے لیا جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔