متعدد ڈراموں میں اداکاری کررہا ہوں، سینئر اداکار انعام خان

  متعدد ڈراموں میں اداکاری کررہا ہوں، سینئر اداکار انعام خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (فلم رپورٹر) سینئر اداکار انعام خان نے کہا ہے کہ میں ان دنوں ڈراموں کے علاوہ ریڈیو اور یوٹیوب چینل کے شوز بھی کررہا ہوں۔ایک فنکارکبھی بھی ریٹائر نہیں ہوتا فی الحال میرا شوبز چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔گزشتہ ہفتے مجھے میری فنّی خدمات کے صلے میں بولان ایوارڈ سے نوازا گیا ایوارڈ کسی بھی فنکار کیلئے آکسیجن کا کام کرتا ہے۔ موجودہ دور میں فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن ہے، کچھ عرصہ قبل بہت سی فلمیں ایسی آئی ہیں جن سے پاک سنیما کی شان بڑھی ہے،پاکستانی فلمساز اپنی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے فلمیں بنائیں کیو نکہ وہی فلمیں زیادہ مقبولیت پاتی ہیں جوتہذیب کی حد میں ہوں اور معاشرے پر بْرا اثربھی نہ ڈالیں۔انعام خان نے کہاکہ فلم انڈسٹری کی کامیابی میں صرف مصنفین کا ہی نہیں بلکہ کئی عناصر کا اہم رول ہوتاہے، خاص طور پر ہمارے اداکاروں اور گلوکاروں کا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی فلمیں صرف اس لئے بھی ہٹ ہو جاتی ہیں کہ ان کے اداکار اپنی کارکردگی اور گلوکار اپنی آواز سے ان میں جان ڈال دیتے ہیں،ماضی میں مار دھاڑ والی فلموں کے رحجان نے فلم انڈسٹری کو خاصا نقصان پہنچایا ہے کیونکہ ہماری نوجوان نسل تو ایسی فلموں کو زیادہ پسند نہیں کرتی اور بڑے بھی ان فلموں کے لئے سنیماجانے کے روادار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی فلمیں بھارت یا مغربی فلموں کا روپ دھارنے لگیں یا مقبولیت پانے کیلئے اپنی ثقافت کو پیچھے چھوڑنے لگیں تو پھر سے زوال کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ ایک معزز فیملی کبھی ایسی فلمیں دیکھنے کی روادار نہیں ہوتی اور اپنے بچوں کو بھی روکتی ہے اور سنیما پھر سے ویران ہونا شروع ہو جائیں گے۔

مزید :

کلچر -