بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کی پاکستان میں کیا مصروفیات رہیں گی ؟ جانیے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کی پاکستان میں کیا مصروفیات رہیں گی ؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر 9سال بعد اسلام آباد میں منعقد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
بھارتی ایئرفورس کے خصوصی طیارے پر جے شنکر نور خان ائیر بیس پر پہنچے تو وزارت خارجہ کے ڈی جی ساؤتھ ایشیاء الیاس نظامی نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کا سینئر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے قبل ازیں وہ سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے پاکستان آچکے ہیں۔
"جنگ " نے وفاقی دارالحکومت میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ کی مصروفیات صرف ایس سی او اجلاس تک ہی محدود رہیں گی، سائیڈ لائن پر دوطرفہ ملاقاتیں شیڈول نہیں ہیں۔ تاہم، مبصرین کا کہنا ہے کہ ملاقات ہوگی توبات بھی ہوگی کچھ تو نتائج سامنے آئیں گے۔ بھارتی صحافی بھی اس بات کی تصدیق کررہے کہ بھارت کی شرکت صرف ممبرہونے کے باعث ہے۔