مختلف مقدمات میں ضمانتوں کے بعد مفرور ملزمان کو پیش کرنے کاحکم
لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ڈینگی، آتش گیر مواد رکھنے اور پتنگ بازی کرنے کے مختلف مقدمات میں ضمانتوں کے بعد مفرور ملزموں کو گرفتار کر کے 9 دسمبر کو پیش کرنے کاحکم دے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمران اصغر نے بخت زمین سمیت 5ملزموں کے مقدمات کی سماعت کی، داتا دربار پولیس نے ملزموں کے خلاف درج 5مقدمات کے چالان پیش کئے، پراسکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ندیم بابر کیخلاف ڈینگی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ملزم کی وجہ سے داتا دربار کے علاقے میں ڈینگی وائرس پھیلا، پراسکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ داتا دربار پولیس نے علاقہ میں دکانوں کی چیکنگ کے دوران ملزم بخت زمین اور حنیف اللہ کے قبضے سے آتش بازی کا سامان برآمد کیا جبکہ ملزموں کے پاس آتش بازی کا مواد فروخت کرنے کا لائسنس بھی موجود نہیں تھا انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ملزم محمد پرویز اور علی عدنان پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ہیں، عدالت نے ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے نو دسمبر کو پیش کرنے کاحکم دے دیا ہے۔