توشہ خانہ میں موصول تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ، بولیاں طلب کرلی گئیں
اسلام آباد (ویب ڈیسک) کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کے لیے 30ستمبر تک نجی تخمینہ کاروں سے بولیاں طلب کر لی ہیں، بولیاں 30 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔
جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق توشہ خانہ میں موصول مختلف کیٹیگریز کے تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگایا جائے گا، زیورات، گھڑیاں اور کارپٹس سمیت دیگر موصول تحائف کی قدر معلوم کی جائے گی۔کابینہ ڈویژن کامیاب تخمینہ کاروں کے ساتھ معاہدہ کرے گی، کامیاب اپریزرز کو تحائف کے تخمینوں کیلئے چارجز ادا کیے جائیں گے اور چارجز کی ادائیگی کیلئے بھی فارمولہ وضع کر دیا گیا ہے۔
تخمینہ کاروں کی اہلیت کیلئے بھی مارکس رکھے گئے ہیں جن کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا جائے گا، ریاست کی ملکیتی توشہ خانہ کے تحائف صرف سیاسی عہدے داروں بیوروکریسی جس میں سویلین اور ملٹری دونوں اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوں میں فروخت کیلئے دستیاب ہوتے ہیں لیکن اگر کوئی تحفہ خریداری سے رہ جائے تو وہ عوام میں فروخت کے لیے نیلام کیا جاتا ہے۔
سرکاری پالیسی کے مطابق ہر ملنے والے تحفے کے متعلق حکومت کو مطلع کرنا اور اسے توشہ خانے میں جمع کرانا لازمی ہے۔