190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران اور بشریٰ کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق احتساب عدالت سے بریت کی درخواست مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری نے درخواست دائر کی جس میں احتساب عدالت کا 12 ستمبر کا فیصلہ چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرٹ پر بریت بنتی تھی جو احتساب عدالت نے نہیں دی اور ایسے کوئی شواہد یا مواد نہیں جس کی بنا پر سزا سنائی جا سکے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اس مقدمے سے بری کرے۔