لبنان میں پیجرحملے میں زخمی ایرانی سفیر جسم کے اہم حصے سے محروم ہو گئے
بیروت(ڈیلی پاکستان آن لائن ) لبنان میں پیجر حملے میں زخمی ہونے والے ایرانی سفیر ایک آنکھ سے محروم ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بیروت میں ہونے والے پیجرز حملوں میں لبنان کے وزیر کے بیٹے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ پیجر حملے میں لبنان میں تعینات ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے تھے اور اس حوالے سے ایرانی میڈیا نے بتایا تھا کہ مجتبیٰ امانی معمولی زخمی ہیں، انہیں طبی امداد کے لیے بیروت کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایرانی سفارتخانے کے مزید 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیجر حملے میں زخمی ہونے والے ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی ایک آنکھ سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ایرانی سفیر کی دوسری آنکھ بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سفیر کو علاج کیلئے تہران منتقل کیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیجر حملے میں بڑی تعداد میں حزب اللہ ممبران کی آنکھیں ضائع ہوئی ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ صدی میں پیجر دنیا بھر میں پیغام رسانی کے استعمال ہونے والی معروف ڈیوائس تھی۔ یہ تاروں کے بغیر برقیاتی لہروں کے ذریعے پیغام پہنچانے والی ڈیوائس ہے جس کے ذریعے تحریری اور صوتی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔
20 ویں صدی میں 50 اور 60 کی دہائی میں ایجاد ہونے والی اس ڈیوائس کو 80 کی دہائی میں عروج ملا۔ گزشتہ صدی کی آخری دہائی میں موبائل فون کی آمد کے ساتھ پیجر کا استعمال کم ہونا شروع ہوگیا اور رواں صدی میں اسمارٹ فونز کی آمد نے تو پیجر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔
تاہم اب بھی اسے اکثر ممالک میں ایمرجنسی سروس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار استعمال کر رہے ہیں کیونکہ جدید پیجر موبائل فونز کے مقابلے میں زیادہ محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔