اقوام متحدہ کی 79 ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس، وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ کس تاریخ کو نیویارک جائیں گے؟ جانیے
نیویارک (طاہرمحمود چوہدری سے)اقوام متحدہ کی 79 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو نیویارک پہنچ رہے ہیں۔ شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، وزیراعظم اسسٹنٹ برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی نیویارک پہنچ رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی 79 ویں جنرل سے شہباز شریف 27 ستمبر بروز جمعہ، صبح 10 بجے خطاب کریں گے۔ پاکستان اقوام متحدہ مشن نیویارک نے وزیر اعظم کے دورہ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گؤتئرس کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دئیے جانے والے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔ سائیڈ لائن پر وزیر اعظم مختلف عالمی رہنماؤں کے علاوہ عالمی مالیاتی اداروں ورلڈ بنک اور آئی ایم آف کے صدور سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ماضی کے برعکس اس بار پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ خاص کر مشن کے پریس قونصلر امانت علی وزیراعظم شہباز شریف کو ڈپلومیسی کے مؤثر پلیٹ فارم ایشیاء سوسائٹی نیویارک سے خطاب کا شیڈول حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ جبکہ اسکے برعکس بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر 24 ستمبر کو ایشیاء سوسائٹی سے خطاب کریں گے۔ شہباز شریف دورۂ امریکہ کے بعد 28 ستمبر کو پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔