بھارت: جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر ڈالا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں ایک اور انتہائی افسوسناک واقعے میں جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر لالچی شوہر نے بیوی کو جان سے مار ڈالا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے بھارتی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ ریاست اتر پردیش کے شہر امروہہ میں ایک لالچی شوہر کی جانب سے شادی پر اپنے سسرال والوں سے جہیز میں ایک لگژری بائیک اور 3 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امروہہ کے بے خدا گاو¿ں سے تعلق رکھنے والے سندر نے مینا نامی لڑکی سے دو سال قبل شادی کی تھی اور وہ جہیز لانے کے لئے اپنی بیوی پر مسلسل دباو¿ ڈال رہا تھا جس پر اس کی اہلیہ کچھ عرصہ قبل اپنے میکے چلی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مینا نے اس بارے میں اپنے والد کو بھی بتایا تھا اور سندر روزانہ اپنے سسرال اس سے ملنے آتا اور وہاں کھانا پینا بھی کرتا تھا، سندر اتوار کے روز بھی اپنے سسرال آیا اور اہلیہ مینا کو اپنے ساتھ گھر لے گیا۔
رپورٹس کے مطابق گھر لاکر سندر نے اپنی اہلیہ مینا کو پھر جہیز نہ لانے کے طعنے دیے اور تکرار کرنے پر اسے لاٹھی سے پیٹنا شروع کر دیا اور پھر اسے گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
مقامی افراد نے پولیس کو معاملے کی اطلاع دی اور پھر پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر اس کے شوہر کے خلاف درخواست دائر کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔