نبی پاک ﷺنے سب سے پہلے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی: مریم نواز
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نبی پاک ﷺ نے سب سے پہلے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی۔
لاہور میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبی خاتم± النّبیّین، رحمةا للعالمین ہیں، نبیﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اپنا محبوب کہا ہے، ان سے محبت کی ہے، آج ہم ربیع الاول کے مبارک مہینے میں یہاں جمع ہیں۔
انہوں نے کہا عشق رسولﷺہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے، عشق رسول کسی کم ظرف کے لئے نہیں ہے، والدین اپنے بچوں کو حیات طیبہ ﷺ سے متعلق آگاہی دیں، جو انسان گھر سے سیکھتا ہے وہ اس دنیا اور دوسری دنیا میں بھی کام آتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی اکرم ﷺکا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا، یہ ایک مبارک محفل ہے، اس کے بارے میں بات کرنے کی سعادت سب کو نصیب نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں انسانی حقوق کی بات ہوتی ہے مگر اس بات کی خوشی ہے کہ انسانی حقوق کی بنیاد نبی اکرم ﷺ نے مسجد نبوی میں رکھی، وہ تعلیم آج پوری دنیا میں پھیل گئی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بچیوں کی تعلیم پر بہت فتوے آرہے ہیں تو ہمارے نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ تعلیم حاصل کرو چاہے تمہیں چین کیوں نہ جانا پڑے، اس میں لڑکا لڑکی کی تفریق نہیں ہے، ہمیں ان چیزوں پر عمل کرنا چاہئے۔