ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی: چین نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دیدی
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں میزبان چین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
چین میں جاری ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور میزبان چین کے درمیان کھیلا گیا، سیمی فائنل میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔
پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم نہ گول کرسکی اور نہ ہی پنالٹی کارنر لے سکی، لیکن دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو لگاتار 4 پنالٹی کارنر ملے، پاکستان کسی ایک پر بھی گول نہ کرسکا۔13ویں منٹ میں چین کو پہلا پنالٹی کارنر ملا جس پر یوان لین لو نے گول کرکے سبقت حاصل کی۔ ہاف ٹائم پر چین کو 1 گول کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے چین کی برتری کا خاتمہ کیا، اس کے بعد پاکستان کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن گول میں کامیابی نہیں ملی۔ مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
سیمی فائنل کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی شوٹ آؤٹ دیئے گئے۔ پاکستان نے ابتدائی4 پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کردیئے جب کہ چین نے 4 میں سے 2 پر گول کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔
چین نے دوسری بار پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا ہے، اس سے قبل 2006 کے ایشیئن گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
واضح رہے کہ چین ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہلی بار پہنچا ہے۔