فاروق ستار نے( ن) لیگ کو سیاست سکھانے کی آفر کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )اگر سیاست کرے تو سیاست کا ایک طریقہ ہوتا ہے، کسی بھی بل کے حق میں ایک طریقہ کار ہوتا ہے کہ کیسے سیاسی جماعتوں کے دلوں کو جیتا جائے۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاست کرنا بھول گئی ہے تو ایم کیو ایم سیاست سکھانے کےلیے تیار ہے۔مسلم لیگ( ن )سب سے پہلے اپنے حریفوں کے گلے اور شکوے دور کرے، اہم ایشوز پر میں نے مولانا فضل الرحمان اور بیرسٹر گوہر کو اختلاف کرتے نہیں دیکھا۔ تمام جماعتیں متفق ہیں عدالتی نظام عام آدمی کو انصاف دینے کےلیے بہتر ہونا چاہیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ عدالتوں میں ہزاروں کیسز ہیں لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا اس بات پر سب متفق ہیں۔ بلاول بھٹو نے بہت محنت کی لیکن( ن) لیگ کا اپنا ہوم ورک بہت کمزور تھا۔ ہمارا شکوہ ہے کہ اہم آئینی ترمیم کا بل اس طرح پاس نہیں کروایا جا سکتا۔ آئین میں ترمیم کرنا بڑا ذمہ داری والا کام ہے۔