پنجابی پرچار تنظیم نے دوسری انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کا اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجابی پرچار تنظیم نے دوسری انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کروانے کا اعلان کردیاہے۔
دوسری انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کا انعقاد 18 سے 20 نومبر 2024 کو پلاک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کیا جائے گا۔ پنجابی پرچار کے صدر احمد رضا پنجابی نےپریس کانفرنس میں بتایا کہ اس کانفرنس میں پاکستانی پنجابی دانشوروں، سیاستدانوں، اداکاروں، شاعروں اور سماج سیوکوں کے ساتھ ساتھ امریکا، کینیڈا، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور دوسرے ممالک سے 100 سےزیادہ پنجابی شخصیات شرکت کریں گے۔ بھارت سے پنجابی اداکاراوں، گلوکاروں اور صحافیوں کا 37 افراد پر مبنی وفد بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے گا۔انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس میں پنجابی ادب اور شاعری کے ساتھ ساتھ پاکستان اور دنیا کو درپیش مسائل پہ بھی گفتگو ہو گی۔ کانفرنس میں 12 ڈسکیشن پینلز کے ذریعے ان تمام مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل پہ بھی بات کی جائے گی۔ پنجاب اور پنجابی ادب سے متعلقہ 9 تحقیقی مقالے بھی کانفرنس میں پڑھے جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے ایڈیٹوریل بورڈ کے صدر ڈاکٹر ظہیر وٹو، ڈاکٹر شبنم اسحاق، ڈاکٹر شمائلہ حسین، ناصر ادیب، فرہاد اقبال اور ڈاکٹر عامر رضا نے ان تحقیقی مقالات کی موجودہ وقت میں اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارا مقصد جہاں اپنی خوبصورت روایت کو دنیا بھر کے سامنے لانا ہے وہیں آج کے مسائل اور شعر و ادب کو بھی زیر بحث لانا ہو گا۔