دنیا کو محفوظ اور سرسبز بنانے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے:اوزون پروٹیکشن کےعالمی دن پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیغام
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )”ورلڈ اوزون پروٹیکشن ڈے“پروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اوزون پروٹیکشن کرہ ارض پر زندگی کی بقاء کے لیے نہایت اہم ہے۔ غیر ذمہ دارانہ ماحول دشمن سرگرمیوں کے باعث اوزون تہہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اوزون تہہ کو نقصان پہنچنے سے ماحولیاتی تبدیلیوں، بیماریوں اور دیگر خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کیلئے کابینہ نے پنجاب کی پہلی جامع کلائمیٹ رزلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان 2024 کی منظوری دی ہے۔ملکی تاریخ کی پہلی جامع کلائیمنٹ پالیسی میں فلڈ مینجمنٹ،ایکو سسٹم انفراسٹرکچر، فوڈ سیکیورٹی،ہیٹ ویوپر ایکشن پلان مرتب کیا گیا۔گرین کور، بائیو ڈاؤرسٹی، ویسٹ مینجمنٹ،گرین ٹرانسپورٹ، آبی تحفظ اور ڈیپارٹمنٹل ایکشن پلان بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور سستی بجلی کے لیے سولر پینل پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں۔ محفوظ اور مستحکم ماحول اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے حفاظت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ہر ممکن قدم کریں گے۔ دنیا کو محفوظ اور سرسبز بنانے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔