بابراعظم اور ویرات کوہلی کا ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا امکان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) افرو ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا امکان ہے۔
آج نیوز کے مطابق افرو ایشیا کپ2007 میں روک دیا گیا تھا تاہم جے شاہ اس ٹورنامنٹ کو بحال کرنا چاہتے ہیں، یہ ٹورنامنٹ 2005 میں لانچ کیا گیا تھا اور اس کا بنیادی مقصد ایشین کرکٹ کونسل اور افریقین کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے افرو ایشیا کپ کے مقابلوں بین الاقوامی ایک روزہ میچوں کا درجہ دے دیا تھا۔ سابق چیئرمین کے بقول افرو ایشیا کپ کی بحالی کا قومی امکان ہے۔ افریقا کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین سُمود دامودر نے حال میں بتایا کہ افرو ایشیا کپ کی بحالی کے حوالے سے کرکٹ کی دنیا کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز شخصیات سے بات چیت ہوئی ہے۔سُمود دامودر نے دعوٰی کیا کہ جے شاہ اور آئی سی سی ڈائریکٹر مہیندرا ولی پورم بھی اس حوالے سے آن بورڈ ہیں۔