وزیراعلیٰ شہباز شریف کے انرولمنٹ مہم 2014 کی تقریب میں سے خطاب کی جھلکیاں

وزیراعلیٰ شہباز شریف کے انرولمنٹ مہم 2014 کی تقریب میں سے خطاب کی جھلکیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)٭وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا پنجاب سکول انرولمنٹ مہم 2014 کی افتتاحی تقریب میں آمد پر سکاﺅٹس اور گرل گائیڈز نے تالیاں بجا کر پرجوش استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے استقبال کرنے والے بچوں کے ساتھ خوشگوار انداز میں ہاتھ ملایا۔ہال میں بھی شرکاءنے کھڑے ہو کر وزیراعلیٰ کا والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا۔
٭    سکول انرولمنٹ مہم 2014 کے تحت صوبہ بھر میں 40 لاکھ بچوں کو داخلہ دلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس کیلئے ”اب ہر بچہ سکول جائے گا، انشااللہ“ کا سلوگن رکھا گیا ہے۔
٭    وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران چینی اور ترک اقوام کی محنت اور ان کے عزم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ آسمان سے نہیں اترے ہم بھی محنت کرکے ان جیسا بن سکتے ہیں۔انہوں نے برصغیر کے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ جس وقت یورپ میں آکسفورڈ جیسے تعلیمی محلات تعمیر ہو رہے تھے اس وقت ہندوستان میں بیگمات کے محلات بنائے جا رہے تھے۔
٭    محمد شہباز شریف نے کہا کہ اساتذہ کا معاشرے میں بہت بڑا مقام ہے انہیں اپنے من پسند مقام پر تعیناتی کیلئے سفارشیں نہیں کرانی چاہئیں کیونکہ یہ بھی اقربا پروری کی ایک مثال ہے۔
٭    صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ کو بہترین خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے تعلیم کے میدان میں ایک شمع روشن کی جس سے اب کئی شمعیں روشن ہو چکی ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے شعبہ تعلیم میں گڈگورننس کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ عوام شہباز شریف کے ماڈل کو دل سے تسلیم کرتے ہیں۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبدالجبار شاہین نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں 40 لاکھ بچے سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔
٭    وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے آخر میں یہ شعر پڑھا:
جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود
کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا
٭    تقریب میں سکول کے طلبا و طالبات نے علامہ اقبالؒ کی مشہو رنظم ”لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری“ ترنم کے ساتھ پڑھی۔ طلبہ نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ساتھ مل کر ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“ ملی نغمہ بھی گایا۔

مزید :

صفحہ اول -