اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش کر دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں عوامی نمائندگان کی تنخواہوں پر نظر ثانی پنجاب 2024ء کا بل کثرت رائے سے منظورہوگیا۔ عوامی نمائندگان کی تنخواہوں پر نظر ثانی پنجاب 2024ء کا بل وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کیا۔دوسری جانب اجلاس میں تنخواہوں میں اضافہ کے بل پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے اعتراض اٹھا دیا۔اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ کیا یہ بل پارلیمانی قوانین ایکٹ 1972ء کے مطابق ہے؟ جواب میں سپیکر محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ بل موجودہ قوانین کے مطابق بالکل درست ہے اور حکومت کا اچھا اقدام ہے۔دریں اثنااراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی تفصیلات سامنے آئیں۔اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی، بل کی منظوری کے بعد اب صوبائی وزراء_ کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار کر دی جائے گی، بل کی منظوری کے بعد اب سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزار کر دی جائے گی۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کردی گئی، پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار ہوئی۔علاوہ ازیں بل کی منظوری کے بعد اب سپیشل اسسٹنٹ کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کر دی جائے گی، اب ایڈوائزر کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کر دی جائے گی۔
اراکین اسمبلی تنخواہ