خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع
خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوجرانوالہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیشن کورٹ نے خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کے جسمانی ریمانڈ میں 4روز کی توسیع کے احکامات جاری کر دیئے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کو سینئر سول جج چودھری صفت اللہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، ایف آئی اے نے عثمان ججا کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا تاہم ایف آئی اے اب تک عثمان ججا سے معلومات اگلوانے میں ناکام ہے۔
دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عثمان ججا چالاک اور حقائق کو چھپا رہا ہے ، ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا ، چھ روزہ جسمانی ریمانڈ میں ملزم کے عدم تعاون کی وجہ سے پیش رفت نہیں ہو سکی۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے انسانی سمگلنگ کے عالمی گروہ بارے معلومات حاصل کرنی ہیں ، کشتی حادثے میں کئی لوگ مارے گئے ہیں، ملزم سے شہریوں سے لوٹی گئی رقم بھی ریکور کرنی ہے ، ملزم کا مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ملزم عثمان ججا نے عدالت میں سارا ملبہ اپنے بھائی پر ڈال دیا ، عثمان ججا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انسانی سمگلنگ کا کام ملزم کا بھائی کرتا ہے ، خرم ججا بیرون ملک ہے بھائی ہاتھ نہ آنے پر ایف آئی اے نے عثمان ججا کو پکڑا ہے۔
عثمان ججا نے کہا کہ وہ عراق میں قالینوں کا کاروبار کرتا ہے، عراق سے واپس آیا تو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔بعدازاں عدالت نے خطرناک انسانی سمگلر عثمان ججا کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع کے احکامات جاری کردیئے۔