جنگلی جانور اور پرندے فروخت کرنے والا ڈیلر گرفتار،ایک لاکھ سے زائد جرمانہ

  جنگلی جانور اور پرندے فروخت کرنے والا ڈیلر گرفتار،ایک لاکھ سے زائد جرمانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب شاہد زمان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ملک ثناء  اللہ خان کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس کی پنجاب بھرمیں غیرقانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں اورجس کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات سے لنگور، جنگلی طوطوں کے چھ غیرقانونی شکاریوں سمیت تیتر کے بچے فروخت کرنیوالا ایک ڈیلرگرفتار، ایک لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔

، تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع میانوالی سید علی عثمان بخاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تیتر کے بچوں کی خریدو فروخت کرنیوالا ایک ڈیلر گرفتار کرکے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقامی عدالت کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے ملزم کوچودہ روز کیلئے جیل میں رکھنے کے بعد دوبارہ مزید کارروائی کیلئے طلب کیا۔ اسی طرح چند دیگر کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے جنگلی پرندوں، طوطوں اور لنگورکے غیرقانونی شکار میں ملوث چھ افراد تحصیل ہارون آباد، منچن آباد اور فورٹ عباس سے گرفتارکرکے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کئے تاہم ملزمان کی جانب سے کیس کمپاؤنڈ کرنے کی درخواست پر جنگلی طوطوں کے غیرقانونی شکاریوں کو پچاس ہزار، لنگورکی ناجائز پکڑ دھکڑ کرنے کی کوشش میں مصروف تین شکاریوں کو مبلغ پینتالیس ہزار جبکہ دیگر جنگلی پرندوں کے ایک شکاری کو مبلغ دس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔