'میری شادی غلط لوگوں میں اور غلط وقت پر ہوئی" فردوس جمال کا ایک اور متنازعہ بیان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی اداکار فردوس جمال نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا اپنی شادی کو قرار دے دیا۔جیو نیوز کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا بتاتے ہوئے کہا کہ میں تو ماں کی گود میں بھی آرٹسٹ تھا لیکن میری شادی غلط لوگوں اور غلط وقت پر ہوئی، میری اہلیہ اور میرے سسرال والے میرے لیے بطور فنکار سازگار نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں نے کسی ایسے شخص سے شادی کی ہوتی جو فنکار ہوتا یا کسی ایسے خاندان سے تعلق رکھتا تو وہ مجھے بہتر انداز میں سمجھ سکتا تھا۔ میری زندگی بالکل مختلف ہوتی، صرف غلط شادی نے مجھے تنہا اور ایک انٹروورٹ شخص بنا دیا۔اسی بات پر انہوں نے وضاحت بھی پیش کی کہ مجھے یہ افسوس نہیں کہ میری شادی وہاں کیوں ہوئی بلکہ اگر آرٹسٹ ساتھی ملتا تو میرا ہنر مزید نکھرتا۔
فردوس جمال نے واضح کیا کہ میں اپنی شادی اور بچوں سے خوش ہوں اور سب سے زیادہ خوشی بڑے بیٹے حمزہ جمال کی پیدائش پر ہوئی تھی۔