عمران نے معاف کردیا،کوئی نیا 9مئی ہو اتو اس کی ذمہ داری میں لوں گا:شیر افضل مروت
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تمام گلے شکوے دور ہوگئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے معاف کر دیا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ 3 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، میں نے ہاتھ بڑھایا تو عمران نے مجھے گلے سے لگایا، انہوں نے کہا میں نے آ ج تمام اختلافات ختم کر دیئے ہیں، میری طرف سے معافی ہے، میرے لئے مشکلات پیدا نہ کی جائیں، آج ناراضگی والی بات بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے بعد ختم ہوگئی ہے، پارٹی سے تو مجھے کسی نے نکالا ہی نہیں تھا، پارٹی سے نکالنے والا نوٹیفکیشن جعلی تھا، مجھے پارٹی سے صرف عمران خان نکال سکتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے جو عزت اور پیار دیا وہ میرے لئے عمر بھر کا اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی نے پارٹی مسائل پر واضح ہدایات دی ہیں، عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کوئی اختلافات منظور نہیں سب کو بٹھائیں، عوام پاکستان میں جمہوریت کی بالادستی چاہتے ہیں، یہی پاکستان دیکھے گا ہم لاہور میں لاکھوں کی تعداد میں جائیں گے جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے، ہم کھل کر 22 تاریخ کو یہاں بھی جلسہ کریں گے، عمران خان نے مجھے 22 اگست کے جلسے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ہم پرامن رہیں گے، رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تو عوام کے غضب کو دعوت ہوگی، آئندہ کسی 9 مئی کے ہم خود ذمہ دار ہوں گے، میں خود اس کی ذمہ داری لوں گا، لیڈر شپ ذمہ دار نہیں ٹھہرے گی۔ ٓیندہ جو بھی حکمت عملی ہوگی وہ میں بناؤں گا، بانی پی ٹی آئی سے اجازت نہیں لوں گا۔
شیر افضل مروت