پی این ایس یمامہ، پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین جنگی جہاز کی شمولیت

پی این ایس یمامہ، پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین جنگی جہاز کی شمولیت
پی این ایس یمامہ، پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین جنگی جہاز کی شمولیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا میں پاک بحریہ کے چوتھے آف شور پٹرول ویسل (OPV) پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تھے۔ اس موقع پر رومانیہ نیوی کے ڈپٹی فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل ماریان سیوبوٹارو اور رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ارشد جان پٹھان نے خصوصی شرکت کی۔

پی این ایس یمامہ ایک جدید ترین کثیرالمقاصد اور سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے، جو جدید الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر صلاحیتوں سے لیس ہے۔ اس جہاز میں ٹرمینل ڈیفنس سسٹم اور دیگر جدید ترین آلات نصب ہیں، جو اسے سطح آب، زیر آب، اور فضا میں بیک وقت جنگ لڑنے کے قابل بناتے ہیں۔

یہ بحری جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ مختلف آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور طویل عرصے تک کھلے سمندر میں اپنی موجودگی برقرار رکھ سکتا ہے۔ پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی، اور بحرِ ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کو مزید تقویت ملے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس یمامہ کی شمولیت پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی اور علاقائی میری ٹائم سیکورٹی کو مضبوط بنائے گی۔

یاد رہے کہ پاک بحریہ نے اس سے قبل تین آف شور پٹرول ویسلز، پی این ایس تبوک، پی این ایس یرموک، اور پی این ایس حنین کو اپنے بیڑے میں شامل کیا تھا۔ یرموک کلاس کے یہ جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے بھی موزوں ہیں۔

پی این ایس یمامہ کی شمولیت ایک اہم سنگِ میل ہے جو پاک بحریہ کی بین الاقوامی سطح پر جنگی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر کرے گا۔

مزید :

قومی -