چین کی سرکاری ایئر لائن کے پائلٹ نے کاک پٹ میں ایسا شرمناک کام شروع کردیا کہ تمام مسافروں کی زندگیاں داﺅ پر لگ گئیں، ایئر لائن کو سخت ترین سزا دے دی گئی
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کی سرکاری ایئر لائن کے پائلٹ نے اس وقت مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں جب اس نے کاک پٹ میں ہی سگریٹ پینا شروع کردیا۔ کو پائلٹ نے سگریٹ کا دھواں کیبن میں پہنچنے سے بچانے کیلئے پنکھا بند کرنے کی کوشش میں اے سی بند کردیا جس کے باعث طیارے کا پریشر ختم ہوگیا اور اس نے نیچے گرنا شروع کردیا تاہم خوش قسمتی سے یہ طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا ۔
چین کی سرکاری ایئر لائن کے ساتھ یہ واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا جس کے بعد اس کی تحقیقات کی گئیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ۔ چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سرکاری ایئر لائن کو 50 ہزار یو آن جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ واقعے کے ذمہ دار پائلٹس کے لائسنس بھی معطل کردیے ہیں۔
جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت ایئر چائنہ کا بوئنگ سی او 737 ایئر کرافٹ ہانگ کانگ سے ڈالیان جارہا تھا ۔ اے سی سسٹم بند ہوتے ہی طیارے کا توازن بگڑگیا اور اس نے تیزی سے نیچے گرنا شروع کردیا جبکہ آکسیجن ماسک بھی باہر نکل آئے۔ چینی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سرکاری ایئر لائن کو جرمانے کے علاوہ فلائٹس کے ٹائم میں کٹوتی کی سزا بھی دی ہے جس کے باعث سرکاری ایئر لائن کو ماہانہ پانچ ہزار 400 گھنٹے کم فلائٹس کرنا پڑیں گی ۔ یہ واقعہ پیش آنے کے باعث چین کی سرکاری ایئر لائن کے ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ میں شیئرز میں بھی ایک اعشاریہ 4 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔