قومی اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کو 14سیٹیں ملنی چاہئیں: چوہدری سرور
لاہور(این این آئی)سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو آبادی کے تناسب سے پاکستان کی قومی اسمبلی میں 14سیٹیں ملنی چاہئیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کوپارلیمنٹ میں نمائندگی ملنے تک پارلیمنٹ اور جمہوریت نامکمل ہے، اربوں کا زرمبادلہ بھیجنے والوں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور سیاسی مفادا ت سے بالاتر ہو کر اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں اور سہولت پیدا کریں۔ وہ دورہ بر طانیہ کے دوران سلاو میں سابق لیڈر آف دی سلاو بارو کونسل اور صدر گرینڈ اوورسیز کلب ساتھ ایسٹ لندن سہیل منور کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ گرینڈ اوورسیز کلب تنظیم میری سربراہی میں ایک مکمل غیر سیاسی تنظیم ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی مدد اور راہنمائی کرے گی۔ چوہدری محمدسرو ر نے کشمیری حر یت لیڈر یاسین ملک کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں سے ان کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ یاسین ملک کے حق میں پٹیشن پر دستخط کریں ہم اس مسئلہ کو تمام عالمی فورمز پر لے کر جائیں گے۔
چوہدری سرور