جوبلی لائف انشورنس کاآؤٹ ڈور ون کے ساتھ معاہدہ
لاہور(پ ر) پاکستان میں نجی شعبے کے سب سے بڑے لائف انشورنس ادارے جوبلی لائف انشورنس نے آؤٹ ڈور ون (Outdoor One)کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت جوبلی لائف کے سیفرون (Saffron)ممبرز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں انٹرنیشنل ڈیپارچر میں حال ہی میں کھلنے والے میجسٹک لاؤنج میں اپنی فلائٹس کے انتظار میں بہترین انداز سے وقت صرف کرسکتے ہیں۔ سیفرون ممبرز چیک ان ہونے کے بعد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس لاؤنج میں بہت سی سہولیات بشمول امیگریشن اور سیکورٹی کے ذریعے اپنی نوعیت کی پہلی فاسٹ ٹریک سروس بھی شامل ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں جوبلی لائف انشورنس کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سید عثمان قیصر، آؤٹ ڈور ون کے ڈائریکٹر نوید ظفر، آؤٹ ڈور ون کے چیف آپریٹنگ آفیسر حکمت ترابی اور آؤٹ ڈور ون کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان شاہد علی سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کراچی ایئرپورٹ پر حال ہی میں متعارف ہونے والے میجسٹک لاؤنج میں مختلف سہولیات موجود ہیں جن کی بدولت مسافروں کا اچھے ماحول میں وقت گزرسکتا ہے۔ ان میں خصوصی طور پر سگار لاؤنج، کوکوچین کے اعلیٰ معیار کے کھانے، کشادہ نشستیں، تیزرفتار وائی فائی، لیپ ٹاپ اسٹیشن، ٹھنڈے و گرم مشروبات، استقبالیہ، تازہ اخبارات و جرائد، فلائٹ کی معلومات و سروسز، چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر بہت سی جدید سہولیات شامل ہیں۔
اس اشتراک کے بارے میں جوبلی لائف انشورنس کے کارپوریٹ، مارکیٹنگ اینڈ ایڈمنسٹریشن کے گروپ ہیڈ سہیل فخر نے کہا، "جوبلی لائف ہمیشہ ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر نظر رکھتی ہے جن کے ذریعے اپنے معزز کسٹمرز کو ایسی معیاری خدمات فراہم کی جائیں جو کوئی دوسرا ادارہ فراہم نہ کرپائے۔ میجسٹک لاؤنج ہمارے سیفرون (Saffron)ممبرز کے لئے بہترین مقام کے طور پر خدمات پیش کرے گا اور وہ سفر پر روانگی سے قبل ان سہولیات سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اشتراک پائیدار اور نتیجہ خیز ہوگا۔"