دہشت گردی ،انتہا پسندی سب کیلئے مشترکہ چیلنج ،پاکستان دل میں بستا ہے، برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے گفتگو

دہشت گردی ،انتہا پسندی سب کیلئے مشترکہ چیلنج ،پاکستان دل میں بستا ہے، ...
دہشت گردی ،انتہا پسندی سب کیلئے مشترکہ چیلنج ،پاکستان دل میں بستا ہے، برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے گفتگو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ان کے والدین کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے اور پاکستان ان کے دل میں بستا ہے۔
نجی ٹی وی چینل” ہم نیوز“ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی جس میں برطانوی وزیر داخلہ نے عثمان بزدار کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی،ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کومزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا،اس موقع پر وزیر داخلہ برطانیہ ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،ترقیاتی اہداف کے حصول سمیت تعلیم اور کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے مستقبل میں مل کر کام کریں گے، دہشت گردی اورانتہا پسندی ہم سب کے لیے مشترکہ چیلنج ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں، برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کے ذریعے مستقبل میں مختلف شعبوں میں مزید بہتری لانے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے تبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا ہے جہاں سے ایک پسماندہ علاقے کے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے،وزیراعظم کا 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کا پروگرام ہے۔
پولیس اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے مکمل غیر جانبدار بنائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نظام میں بھی ضروری تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں،تعلیم، انفراسٹرکچر ا و ر صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے،پاکستان میں دہشت گردی کے ناسورپر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔