پانی کی کمی اورڈیموں کی تعمیرسے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری ، قوم کوکالاباغ ڈیم پراتفاق رائے پیداکرنے کی ضرورت ہے:سپریم کورٹ

پانی کی کمی اورڈیموں کی تعمیرسے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری ، قوم کوکالاباغ ڈیم ...
پانی کی کمی اورڈیموں کی تعمیرسے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری ، قوم کوکالاباغ ڈیم پراتفاق رائے پیداکرنے کی ضرورت ہے:سپریم کورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانی کی کمی اورڈیموں کی تعمیرسے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،26 صفحات پر مشتمل عدالتی فیصلہ چیف جسٹس میاں ثاقب کا تحریر کردہ ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کوکالاباغ ڈیم پراتفاق رائے پیداکرنےکی ضرورت ہے،چاروں بھائیوں کو اختلافات ختم کرکے متحد ہونا پڑے گا۔
نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز“ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانی کی کمی اورڈیموں کی تعمیرسے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا کہ وفاقی،صوبائی حکومتیں فوری طورپرقومی آبی پالیسی پرعملدرآمدشروع کریں،میڈیاکے ذریعے لوگوں میں پانی کے بچاؤکاشعور اجاگرکیا جائے، و ز ا ر ت آبی وسائل سمیت کئی دیگرمحکموں کی استعدادبڑھانے کی ضرورت ہے،آبی وسائل سے متعلق محکمہ جات کے آپس میں تعاون کی بھی ضرورت ہے ، پانی ذخیرہ کرنے سے متعلق بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی ضرورت ہے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ دیامربھاشا ڈیم ایک قومی مقصد ہے،دیامربھاشا ڈیم کی کل لاگت 1139 ارب ہے،مہمند ڈیم کی لاگت 309 ارب ہے، ڈیم فنڈقائم کردیا گیا ہے،ملک بھرسے لوگ جوش وخروش سے پیسے جمع کرارہے ہیں،ماہرین پرمشتمل کمیٹی ڈیمزکی تعمیرسے متعلق فیصلہ کرے گی،اس سارے عمل کوسپریم کورٹ کے 2 جج مانیٹر کریں گے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ زراعت میں کم پانی کے استعمال کے طریقے اپنانے کی ضرورت ہے،زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کی کاشت کم کی جائے،زیرزمین پانی کے استعمال کا طریقہ کاربھی وضع ہوناچاہیے،صنعتوں اورزراعت کیلئے زیرزمین پانی کے استعمال پرمیٹرلگنے چاہئیں،گھر یلو پیما نے پر زیر زمین پانی کا استعمال بند ہونا چاہیے،پانی کوصاف کرنے کےلئے بھی طریقہ کاروضع ہونا چاہیے،تمام صنعتیں گندا پانی صاف کریں،تمام ذرائع سے حاصل کردہ پانی کی قیمت کا تعین ہونا چاہیے،شجرکاری پانی کومحفوظ کرنے کے لیے ضروری ہے،وفاقی حکومت 86 ارب پہلے ہی دے چکی ہے،بارش کے پانی کو محفوظ کرنےکاطریقہ کاروضع کرنا چاہیے۔

مزید :

قومی -