پیجر دھماکے، حزب اللہ کا اہم بیان سامنے آ گیا
بیروت(ڈیلی پاکستان آن لائن) لبنان میں پیجر دھماکوں میں کے کئی ارکان کے زخمی ہونے کے بعد حزب اللہ کا اہم بیان سامنے آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں پیجر دھماکوں میں 9 افراد کی ہلاکت اور تقریباً 3 ہزار افراد کے زخمی ہونے کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیجر دھماکوں میں زخمی ہونے والوں میں 200 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ روز دوپہر میں جنوبی لبنان اور بیروت میں پیجر ڈیوائسز میں ہونے والے دھماکوں سے حزب اللہ کے متعدد ارکان زخمی ہوئے تھے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔پیجر دھماکوں میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حزب اللہ نے سربراہ حسن نصراللہ کی ان دھماکوں میں محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مذموم کارروائی کا ذمہ دار اسرائیل ہے، ہم اپنے دشمن کو اس کے جارحانہ فعل کی سزا ضرور دیں گے، اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔