ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کا لاہور شہر میں داخلہ بند
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) آج سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کے لاہور شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق شہر کی متعدد شاہراہوں پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، مین بولیوارڈ پر خصوصی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔
قانون پر عملدرآمد کیلئے شوق چوک، شوکت خانم، لیک سٹی، اڈا پلاٹ سمیت داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ہیلمٹ بازو میں لٹکانے، ٹینکی پر رکھنے پر بھی چالان کیا جائے گا، سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو 2000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔