پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کو کل تک کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے روک دیا،عدالت نے سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نےسلمان اکرم راجہ کے خلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر اعتراضات بھی دور کر دیے۔
دوران سماعت درخواستگزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ سلمان اکرم راجہ کو کل لاہور میں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے، حفاظتی ضمانت دی جائے، ہمیں معلوم نہیں کس مقدمہ میں گرفتار کیا جا رہا تھا، تفصیلات طلب کی جائیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے مقدمات کی تفصیلات تو سیکرٹری داخلہ کے ذریعے ہی طلب کی جا سکتی ہیں، گرفتاری سے روک دیتا ہوں لیکن عملدرآمد صرف اسلام آباد کی حد تک ہو گا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔