طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ پر گولیاں چلانے والے شوٹرزکا مکمل پتہ سامنے آگیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں گینگ وار میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں اور اس ضمن میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاویدبٹ کے قتل کے مقدمے میں پیش رفت کرتے ہوئے واردات کے سہولت کاروں اور ڈیل کرانے والے ملزمان کے کوائف حاصل کرلیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شوٹر اظہر کا تعلق لاہور کی پیسہ اخبار اسٹریٹ سے جبکہ ڈیل کرانے والے عارف کا تعلق مانگا تحصیل پتوکی سے ہے، اظہر نامی شوٹر امیر معصب کا محلے دار بھی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 2 شوٹرز اظہر اور الیاس کو پشاورسے گرفتار کیا گیا تھا، دونوں نے مبینہ طور پر جاوید بٹ کو لاہور کی کینال روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، پولیس اس سے قبل قتل کی ریکی کرنیوالے افضل سمیت 3 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرچکی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کی ڈیل کرانے والے نامزد ملزم عارف کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، 2 سہولت کاروں اسد اور افضل کو ضلع قصور سے جبکہ ایک اور سہولت کار امجد کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا ہے، تمام گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
لاہور پولیس حکام نے بتایا کہ کہ آئی جی پنجاب پولیس نے ملک سے فرار ہونے والے امیر معصب کی گرفتاری کا ٹاسک لاہور پولیس کو سونپ دیا ہے۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ جاوید بٹ کو ٹیپو ٹرکاں والےکے بیٹے امیر معصب کے کہنے پر قتل کیا اور 5 لاکھ نقد اور 2 گھروں کے عوض قتل کا سودا ہوا۔
عمران کشور نے مزید بتایا کہ شوٹر اظہر اور الیاس امیر معصب سے رابطے میں تھے، شوٹرز کی امیر معصب سے ملاقات عارف نے کروائی، پتوکی کا رہائشی عارف گرفتار نہیں ہوسکا اور وہ امیر معصب کا سابق ملازم ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق شوٹرز کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، امیر معصب جاوید بٹ کے قتل سے 6 روز قبل بیرون ملک چلا گیا تھا، دونوں شوٹرز قتل سے پہلے اور بعد میں امیرمعصب سے رابطے میں رہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں لاہور میں امیر بالاج ٹیپو قتل کے نامزد ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے کینال روڈ پر قتل کردیا تھا، قتل کا واقعہ کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیٹی کو اسکول سے لینے گلبرگ جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، حملے میں جاوید بٹ کی اہلیہ زخمی ہوئیں، ان کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 7 ماہ قبل امیر بالاج ایک شادی کی تقریب میں مارے گئے تھے، خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور گوگی بٹ اس مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ اس مقدمے کا مرکزی ملزم احسن شاہ گزشتہ دنوں ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔