منہاج القرآن کے زیر اہتمام عالمی میلاد کانفرنس، مردو خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت، کویت اورمصر کے شیوخ نے خطاب کیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں مردوخواتین نے بڑی تعداد میں جوش و خروش سے شرکت کی اور آپﷺ کی ولادت پاک کا جشن منایا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آپﷺ علم کے نور کے ساتھ مبعوث ہوئے، آپؐ معلم عالم ہیں، آپؐ نے اپنی ظاہری حیات کا ہر لمحہ علم و عمل کی دعوت دیتے بسر کیا۔ آج کی مبارک رات کا یہی پیغام ہے کہ امت بامقصد علم کے حصول پر توانائیاں بسر کرے۔ علم تکفیریت، انتہا پسندی اور تنگ نظری سے بچاتا ہے۔ علم سے طبیعت میں فراخدلی، نرمی اور خوش کلامی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ جو علم کفر کے فتوے دینے پر مجبور کر ے وہ علم ناقص ہے۔ تقویٰ و طہارت اختیار کرنے سے علم نفع بخش بنتا ہے۔
شیخ الاسلام نے کویت کے شیخ عبداللہ نجیب سالم، مصر کے ڈاکٹر عبدالفتاح عبدالغنی العواری اور ایران سے عالمی شہرت یافتہ قراء حضرات کو منہاج القرآن کی خصوصی عوت پر پاکستان آنے پر مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے غیر ملکی مہمانوں اور شرکاء کو مینار پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
عالمی میلاد کانفرنس کی میزبانی تحریک منہاج القرآن لاہور نے کی۔ ہیڈ آف ریسرچ گورنمنٹ آف کویت شیخ عبداللہ نجیب سالم نے عالمی میلاد کانفرنس کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺہر سوموار کو روزہ رکھتے ، آپ ﷺنے فرمایامیں اس روز پیدا ہوا ، یعنی آپؐ اپنی ولادت کی خوشی کا اہتمام ہر سوموار فرماتے اور اظہار تشکر کے طور پر روزہ رکھتے تھے۔ آپؐ کی ولادت باسعادت سے دنیا نور ہدایت سے روش ہوئی۔ شرق و غرب آپ ﷺکی ولادت کا جشن منایا جاتا ہے۔ میں منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اس عظیم الشان جشن کے اہتمام پر مبارکباد دیتا ہوں۔ بلاشبہ آپﷺکے ساتھ محبت و الفت کے اظہار میں ایمان کی حلاوت اور دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے کی دعوت دینے پر میں عصر حاضر کے مجدد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے فرزندان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مصر سے منہاج القرآن کی خصوصی دعوت پر آئے ہوئے مہمان جامع الازہر کے عظیم محقق ڈاکٹر عبدالفتاح عبدالغنی العواری نے عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺاللہ کے وہ جلیل القدر نبی ہیں جو ہدایت کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ آپ ﷺکے تصدق سے اللہ نے تمام لوگوں کو ہدایت کی راہ دکھائی۔ آپ ﷺاس وقت تشریف لائے جب حق مٹ چکا تھا، باطل کا دور دورہ تھا، شیطان نے لوگوں کے لیے ان کے باطل اعمال محسور کن بنا دئیے تھے۔ اللہ نے جس مقصد کے لیے انسان کی تخلیق کی تھی اسے اس مقصد سے آشنا کرنے کے لیے آپؐ نور ہدایت کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ آپ ﷺکی پاک سیرت پر عمل پیرا رہنا بہترین اطاعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ولادت پاک کے عظیم الشان جشن کا اہتمام کیا۔ لوگوں کا والہانہ جوش و جذبہ دیکھ کر بے حد مسرت ہورہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ ﷺ کے ساتھ ہماری نسبت کو تاقیامت قائم و دائم رکھے۔
عالمی میلاد کانفرنس میں ایران سے تشریف لانے والے قراء قاری حامد شاکر نژاد، قاری غلام رضا قاسمیان، قاری ابوالقاسمی، ثناوحدیث نظری اور محمد حسین عظیمی نے دلنشین انداز میں تلاوت مجید پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے سپاس نامہ پیش کیا اور شرکائے کانفرنس اور مختلف مکتب فکر کے علماء کو خوش آمدید کہا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، جسٹس(ر) احمد غازی، مفتی انتخاب نوری ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کیا۔
سجادہ نشین پاکپتن شریف دیوان مسعود احمد چشتی، علامہ شہزاد احمد مجددی، سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ، علامہ محمد زاہد رضا نوری، علامہ سید لطف اللہ شاہ اویسی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، قاضی عبدالغفار نوشاہی، ڈاکٹر احمدعلی سراج، علامہ پیر قائم علی صابر اویسی، مفتی بشیر احمد جان سیفی، علامہ صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، پیر طاہر نذیر نقشبندی، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، پیر سید علی حیدرشاہ،علامہ عبدالستار نیازی، پیر سید علی رضا چن گیلانی سمیت دیگر علماء، مشائخ نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔ معروف کاروباری شخصیت انجام نثار، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بھائی محمد اسد اعظم،معروف اداکار ہنی البیلا نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔
محمد فاروق رانا، سعید رضا بغدادی، محسن علی صفدر، حسن محمود جماعتی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد سرفراز قادری، سہیل احمد رضا،مہتاب اظہر راجپوت، نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔ قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری سید حمیدکاظمی الازہری، حافظ محمد ارشد نقشبندی، قاری خضر ذیشان نعیمی و دیگر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ عالمی شہرت یافتہ ثنا خوان حافظ ارشد نقشبندی، غلام فرید چشتی، حمزہ نوشاہی، انعام مصطفوی، شکیل احمد طاہر، قاری امجد بلالی، ظہیر عباس بلالی، محمد خاورنوشاہی، حافظ عقیل برادران و دیگر نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔